پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی مشترکہ کارروائی،مزید 3خطرناک اشتہاری گرفتار

پیر 13 مئی 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3مجرمان کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کے انسپکٹر نجم فراز متحدہ عرب امارات سے دو اشتہاریوں کو لے کرلاہور ائیر پورٹ پر پہنچے، اشتہاری وجیہہ الحسن نے تین برس قبل تھانہ صدر ڈسکہ سیالکوٹ کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا، دوسرا اشتہاری محمد سلیمان اپنے بچوں کے اغوا، غیر قانونی طور پر دبئی منتقل کرنے کے مقدمہ میں تھانہ رنگپورہ سیالکوٹ کو مطلوب تھا، تیسرے اشتہاری مجرم محمد اشرف کو سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا، محمد اشرف گذشتہ 9برس سے بہاولپور پولیس کو قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

تینوں ملزمان کو پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی باہمی کوآرڈینیشن سے گرفتار کیا گیا، قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ملزمان کی ایسٹراڈیشن کروائی گئی، ترجمان نے بتایا کہ رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 34ہو گئی ہے۔ آئی جی نے بیرون ملک سے خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ، سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم کو شاباش دی۔انہوں نے ہدایت کی کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں