پاکستانی عازمین حج کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں، کرغزستان واقعہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے جھوٹی خبریں چلائی گئیں، طاہر محمود اشرفی

اتوار 19 مئی 2024 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں، کرغزستان واقعہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان سے ہزاروں کی تعداد میں عازمین حج لبیک کی صدا لگاتے ہوئے حج بیت اللہ کے سفر پر روانہ ہو چکے ہیں، حج کیلئے پرائیویٹ گروپوں کی تعداد اسی ہزار سے زائد جبکہ سرکاری ستر ہزار کے درمیان ہیں، کراچی سے روڈ ٹو مکہ پروگرام ہزاروں عازمین حج کا ذریعہ بن رہا ہے، سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت حاجی کا سامان ان کے فلیٹ میں مل جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر پرائیویٹ گروپ ''ہوپ'' نے مکہ منی میں شکایت سیل قائم کر دیئے ہیں،اگر کسی حاجی کو شکایت ہوتی ہے تو اس کا حل نکالا جائے گا،اس بار پرائیویٹ گروپ جو سہولت دے رہے ہیں وہ حاجیوں کو باقاعدہ بتا ئی جا رہی ہیں، اسلام آباد و کراچی سے روڈ ٹو مکہ سے لاکھوں حجاج کے سامان کی ترسیل کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حجاج کرام سے درخواست ہے کہ حج کے دوران سعودی عرب کے قوانین و ضابطہ پر عمل کریں، سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت سے گریز کریں۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ جو پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں، وہ بغیر اجازت حج نہیں کر سکتے، اس پر گرفتاری و جرمانہ ہوگا،جن کا عمرہ یا وزٹ کا ویزہ ہو،وہ حج نہ کریں، وگرنہ جیل جانا پڑے گا یا سعودی حکومت تاحیات پابندی بھی لگا سکتی ہے کیونکہ شریعت کے مطابق بغیر اجازت حج جائز نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلامی دوست ممالک سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی جانب متوجہ ہیں ،وزیر اعظم اور آرمی چیف کی کاوشوں سے سعودی عرب ،کویت سمیت دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کیلئے لوگ آ رہے ہیں، پاکستان کواس وقت معاشی مشکلات کا سامنا اورحالات تقاضا کرتے ہیں کہ قوم ایک ہوکر معاشی مسائل سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کار سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کا قیام تازہ ہوا کا جھونکا ہے ،ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام کا ہونا لازم ہے ،اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر اکٹھا ہونا چاہیے،9 مئی واقعات میں ملوث مجرموں کو سزاملنی چاہیے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں نفرت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ کرغزستان واقعہ پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی گئیں جن لوگوں نے فیک نیوز کو چلایا ، ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں