فاسٹ باوٴلرز کی عمدہ باوٴلنگ نے سندھ کو کامیابی دلادی

محمد حسنین اور انور علی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست کا سامنا

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:15

فاسٹ باوٴلرز کی عمدہ باوٴلنگ نے سندھ کو کامیابی دلادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2019ء) ایونٹ کے چوتھے روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے انور علی نے 3 اور محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 177 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز خرم منظور اور احسان علی نے 83 رنز کی شراکت قائم کر کے سندھ کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد خیبرپختونخواکی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے حریف ٹیم کے کسی اور کھلاڑی کو زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا۔ احسان علی نے 37 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 64 ر نز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

خرم منظور 35 رنز بنا کر سندھ کے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔

سندھ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے عمر خان، جنید خان، عثمان خان شنواری، عمران خان جونیئر اور محمد محسن نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

جواب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 48 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور افتخار احمد کے ساتھ 52 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

افتخار احمد کے آوٴٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے عادل امین کی کریز پر موجودگی کا بھی بھرپور فائدہ اٹھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ خیبرپختونخوا کو آخری اوور میں جیت کے لیے 20 رنز درکار تھے تاہم کپتان محمد رضوان 70 کے انفرادی اسکور پر ہمت ہار گئے۔ 43 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ مقررہ 20 اوورز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز ہی بناسکی۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باوٴلر انور علی نے 30 رنز کے عوض 3 اور محمد حسنین نے 29 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں جمعرات کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں بلوچستان اور سدرن پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں