لکی مروت،عمائدین کا وانڈہ بگنی کی سڑک کی تعمیر کیلئے خصوصی فنڈز فراہمی کا مطالبہ

اتوار 12 نومبر 2023 20:40

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2023ء) مقامی عمائدین نے صوبائی حکومت سے احسان پور کے علاقے وانڈہ بگنی کی سڑک کی تعمیر کے لئے خصوصی فنڈز فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ لکی مروت شہر کے قریب گمبیلا اور کرم دریائوں کے درمیان میدانوں پر واقع ہے کئی دیہاتوں پر مشتمل ہے احسان پور علاقے کے باشندوں کو سڑک کے بنیادی ڈھانچے سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔

مقامی سماجی کارکن اطلس کمال نے بتایا کہ دیہی علاقوں کے رہائشی لکی شہر اور ضلع کے دیگر حصوں کو جانے کے لیے کچے راستے کا استعمال کرتے ہیںمنجی والا لنک روڈ سے وانڈہ بگنی، وانڈا ڈولان، وانڈہ نیماڑی، اباخیل کورونہ اور دیگر دیہاتوںکی طرف جانے والے کچے راستے ابتر حالت میں ہیں اور اس سے دیہاتیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

احسان اللہ، باقی جان اور یوسف خان کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد کچے راستے پانی اور کیچڑ کے تالاب میں بدل جاتے ہیں موسلا دھار بارشوں کے دوران مقامی باشندوں کے پاس گھر کے اندر رہنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے کچے راستوں کو شدید نقصان پہنچا اور دیہاتیوں کی تکالیف بڑھیں۔ غلام خالق نے بتایا کہ پورے علاقے میں بلیک ٹاپ سڑکوں کے نہ ہونے سے دیہاتی درد زہ میں مبتلا خواتین کو لکی شہر کے ہسپتالوں تک نہیں لے جاسکتے انتخابی مہم کے دوران مقامی سیاستدانوں نے ہمیشہ سڑکیں بنانے کا وعدہ کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔عمائدین نے کہا کہ سیاسی زعماء ہمیشہ عوام سے جھوٹے وعدوں پر ووٹ لے کر اقتدار کے ایوانوں میںپہنچتے ہیں اس لئے نگران حکومت وانڈہ بگنی گاؤں تک تین کلومیٹر سڑک کی تعمیر کیلئے خصوصی فنڈز فراہم کرے۔

لکی مروت میں شائع ہونے والی مزید خبریں