لالہ موسیٰ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پیجوکی میں پوزیشن ھولڈرز اور ہونہار بچوں میں تقسیم انعامات کی تقریب

منگل 23 اپریل 2019 17:50

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) ایثارویلفیئرسوسائٹی جلالپورجٹاں کے زیر اہتمام گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پیجوکی میں پوزیشن ھولڈرز اور ہونہار بچوں میں تقسیم انعامات کی تقریب۔ تفصیل کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پیجوکی میں گزشتہ روز سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں سٹیشنری اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈی ایس پی صدر سرکل جلالپورجٹاں چودھری سعید احمد نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومیں تعلیم سے ترقی کرتی ہیں۔ اور اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تربیت وقت کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کریں۔ اس موقع پر ھیڈ ماسٹر مرزا آصف نے سکول کی کارکردگی سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ اور کہا کہ گورنمنٹ سیکٹر میں تعلیم کا معیار اتنا بہتر ہوا ہے کہ علاقہ کے بہت سے نجی تعلیمی اداروں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایثارویلفئیرسوسائٹی کے صدر مرزا عرفان نے کہا کہ خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔جبکہ سوسائٹی کے روح رواں نوید بٹ نے کہا کہ ھم علاقہ بھر میں ہونہار بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اپنی خدمات انشا ء اللہ احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ اس پروقار تقریب میں چودھری طارق وڑائچ ،حکیم زمان،لالہ محمد حسین،صادق مرزا،سجاد بٹ،شاھد ڈار،حمزہ ارشدسمیت علاقہ بھر سے معززین نے شرکت کی اور ایثارویلفئیرسوسائٹی کی سرگرمیوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں