ڈپٹی کمشنر کا کھاریاں، ڈنگہ کا اچانک دورہ کیا،کمیونٹی پارک، گورنمنٹ ہائی اسکول اور میٹرنٹی ہسپتال کا جائزہ

جمعرات 4 اپریل 2024 15:40

لالہ موسیٰ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کھاریاں، ڈنگہ کا اچانک دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کمیونٹی پارک، گورنمنٹ ہائی اسکول ڈنگہ اور میٹرنٹی ہسپتال ڈنگہ کا تفصیلی دورہ کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے میونسپل کمیٹی ڈنگہ دفتر میں تاجران و صحافی برادری سے ملاقات کی، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر سے تجاویزات کا خاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے، تجاویزات کے خلاف میگا آپریشن کیا جارہا ہے، تاجر برادری رضاکارانہ طور پر بازاروں سے تجاویزات ختم کردیں اور اپنا سامان شٹر کے اندر کرلیں، راستوں کو کشادہ کیا جائے، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال ڈنگہ کے دورہ کے موقع پر ڈاکٹر و عملہ کی حاضری چیک کی، اور فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈاکٹر و عملہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ہسپتال میں موجود رہیں، مریضوں کو ادویات و ٹیسٹوں کی سہولت مفت ہسپتال کے اندر فراہم کی جائے، فرائص میں غفلت برداشت نہیں کی جائے، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کمیونٹی پارک اور گورنمنٹ ہائی اسکول ڈنگہ کا دورہ کیا اور کہا کہ شہریوں کو تفریح سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، پارک کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے، شہریوں کو بہترین تفریح سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، گورنمنٹ ہائی سکول ڈنگہ کی عمارت کی تزئین و آرائش کی جائے گی، طلباء کو بہترین تدریسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

\378

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں