کمشنر کی یوم علی پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت

جمعرات 28 مارچ 2024 19:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفیٰ فل نے لاڑکانہ ڈویژن کے ایس ایس پیز پر زور دیا ہے کہ وہ 21 رمضان المبارک کو حضرت علی ؓکے یوم شہادت کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے،انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے کیونکہ اسلام امن، بھائی چارے اور محبت کا مذہب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میں ڈویژنل کوآرڈینیشن کانفرنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور وقت کا خیال رکھا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ، قمبر اور شکارپور، ایس ایس پی لاڑکانہ، قمبر، رینجرز، محکمہ صحت کے حکام، میونسپل کمشنر جبکہ ڈی سی اور ایس ایس پی جیکب آباد اور کندھ کوٹ نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔

اس موقع پر ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے کمشنر کو اپنے اپنے اضلاع میں کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔کمشنر نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر اور دیہی علاقوں بشمول جلسہ گاہوں اور امام بارگاہوں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور لائٹنگ کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنائیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں