غیرملکی سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح فعال ہے، وزیراعظم

اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیرنو اور روزگار کی فراہمی میں معاون ہے ، شہباز شریف

اتوار 28 اپریل 2024 12:30

غیرملکی سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح فعال ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول کے ساتھ ساتھ تعمیرنو اور روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے ، اسلامی ترقیاتی بینک نے جاری مختلف منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفا ق کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری ، تعمیرنو اور روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے۔ صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا انتہائی اہم بانی رکن ہے ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھرپور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، پاکستان کی بڑی افرادی قوت سے بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا گو ہیں۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں