کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر بس الٹنے سے 14 افراد جاں بحق، آٹھ زخمی

کوچ الٹ جانے کی وجہ سے ابتدا میں زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور لاشیں نکالنے میں دشواری پیش آئی ، ہیوی مشینر ی استعمال کی گئی

منگل 2 فروری 2021 15:49

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2021ء) صوبہ بلوچستان کے علاقے اوتھل میں وایار فام کے نزدیک کوئٹہ کراچی شاہراہ پر علی الصبح مسافر کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق 8 زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بس پنجگور سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

کوچ الٹ جانے کی وجہ سے ابتدا میں زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور لاشیں نکالنے میں دشواری پیش آئی جس کی وجہ سے ہیوی مشینری طلب کی گئی اور اس کی مدد سے کوچ کو سیدھا کر کے ریسکیو کا عمل مکمل کیا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں تمام مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں خجاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد پنجگور کے رہائشی ہیں۔واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 12 روز بعد یہ دوسرا خطرناک ٹریفک حادثہ ہے اس سے قبل 20 جنوری کو پنجگور آنے والی مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں