ملاکنڈ، کاشف رضا کرکٹ کلب سخاکوٹ نے غفران ٹائیگرزکو شکست دیکرکرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

منگل 26 ستمبر 2023 17:54

ملاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) کاشف رضا کرکٹ کلب سخاکوٹ نے غفران ٹائیگرز کو ہرا کر کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ العابد کرکٹ گراؤنڈ سخاکوٹ پر کھیلے گئے فائنل میچ کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ کے ڈویژنل سینئر نائب صدر اور بلال فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد بلا ل خان اور انصاف ویلفیئر ونگ کے جنرل سیکرٹری ضیا ء الرحمان آفریدی مہمانان خصوصی تھے۔

فائنل کے موقع پر تقریب سے محمد بلال خان، ضیا ء الرحمان آفریدی، ممتاز سماجی شخصیت واجد علی شاہ اور باچہ جی سپورٹس سخاکوٹ کے ایم ڈی ولایت خان باچہ نے خطاب کیا اور کھیل کود کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ فائنل میچ میں غفران ٹائیگرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورزمیں 124رنز بنائے جواب میں کاشف رضا کلب نے مقررہ حدف با آسانی پورا کرکے ٹائٹل جیتنے کا اعزازحاصل کیا۔

(جاری ہے)

کاشف رضا کلب کی جانب سے شکیل خان نے 46رنز بناکر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ شکیل لونگین کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مہمان خصوصی محمد بلال خان نے آرگنائزنگ کمیٹی اور فائنل کھیلنے والے ٹیموں کے لئے نقد انعام کا اعلان کیا۔ اپنے خطاب میں محمد بلال خان اور ضیا ء الرحمان آفریدی نے کہا کہ جہاں گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں کیونکہ اچھی صحت کے لئے کھیل کود انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

محمد بلال خان نے کہا کہ اپنے ذاتی وسائل سے تحصیل درگئی کے کھلاڑیوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انشاء اللہ عوام نے خدمت کا موقع دیتے ہوئے منتخب کیا تو علاقے کے عوام اور کھلاڑیوں کے فلاح و بہود و ترقی کے لئے کسی قسم کے قربانی سے دریغ نہیں کرونگا۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں