ہزارہ یونیورسٹی میں فال سمسٹر 2020ء میں ریگولر داخلوں کیلئے آن لائن نظام کے حوالہ سے وائس چانسلر کی زیر صدارت اجلاس

بدھ 3 جون 2020 18:23

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں فال سمسٹر 2020ء میں ریگولر داخلوں کیلئے آن لائن نظام وضع کرنے کے حوالہ سے اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے پروگرامرز اور دیگر تکنیکی عملہ نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے اجلاس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوںکو جاری رکھنے کے خواہشمند طلباء و طالبات کو ملک بھر کے دور دراز علاقوں سے یونیورسٹی تک سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ گھر بیٹھے ہی یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں داخلوں کیلئے داخلہ فارم بھیج سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں ہزارہ یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کا کامیابی سے اجراء کر دیا ہے اور یونیورسٹی میں پہلے سے تعلیم جاری رکھے ہوئے طلباء و طالبات اور سکالرز یونیورسٹی کی آن لائن تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ فال سمسٹر 2020ء کے تحت یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں داخلوں کیلئے آن لائن داخلہ نظام یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں وسعت اور اضافہ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ملک بھر کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو ہزارہ یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بھرپور مدد ملے گی۔

وائس چانسلر نے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تکنیکی عملہ کو ہدایت دی کہ آن لائن داخلوں کیلئے آسان اور یوزر فرینڈلی پروگرام ترتیب دیا جائے تاکہ یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہشمند طلباء و طالبات کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ سہولت کے ساتھ اپنا داخلہ فارم یونیورسٹی کو آن لائن ارسال کر سکیں۔ واضح رہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر یونیورسٹی نے آن لائن ایجوکیشن سسٹم شروع کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں