مانسہرہ کے علاقہ چیڑھ میں زمین تنازعہ کا مقدمہ جیتنے پر مخالفین نے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا

منگل 15 جنوری 2019 16:22

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) مانسہرہ کے علاقہ چیڑھ میں زمین کے تنازعہ کا مقدمہ جیتنے پر مخالفین نے کلہاڑیوں کے وار کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزمان باپ بیٹے نے واقعہ کے بعد پولیس کو گرفتاری دیدی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کے نواحی علاقہ چیڑھ میں محمد سہیل ولد صادق اور ریاست ولد محمد نواز کے درمیان زمین کا مقدمہ زیر سماعت تھا، عدالت نے گذشتہ روز زمین تنازعہ کا فیصلہ محمد سہیل کے حق میں دیدیا جس کا ملزمان ریاست ولد نواز اور محمد نواز ولد نواب کو رنج تھا، ملزمان نے محمد سہیل کو دیکھتے ہی کلہاڑیوں کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہو گئے۔

صدر پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بعد ازاں 26 سالہ محمد سہیل کو قتل کرنے والے باپ بیٹے ریاست نواز اور محمد نواز نے خود کو پولیس کے حوالہ کر دیا۔ ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد بھاگے نہیں بلکہ پولیس کو موقع پر پہنچنے پر ہی گرفتاری دیدی۔ اس موقع پر پولیس نے ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں