مردان تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان 2018 کے نتائج کا اعلان کردیا

منگل 7 اگست 2018 19:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2018ء) مردان تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان 2018 کے نتائج کا اعلان کرد یا ۔سال دوئم میں کل 35325 طلبہ وطالبات نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 24648 پاس ہوئے اور یوں مجموعی طور پر نتیجہ 69.77فیصدرہا۔نور ایجوکیشن سسٹم خویشکی نوشہرہ کی طالبہ سارا خضر اور پیس کالج مردان کی طالبہ ارم رازق نے 994 نمبر حاصل کر کے بور ڈ میں مشترکہ طور پرپہلی پوزیشن حاصل کی ۔

پیس کالج نوشہرہ کی طالبہ فرشتہ ارشاد نے 992 نمبرلے کر بورڈ میں دوسری اور کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی کے کیڈٹ فاضل شاہ نے 991 نمبر حاصل کر کے بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔کرنل شیر خان کیڈٹ کالج اسماعیلہ صوابی کو بہترین تعلیمی ادارے قرار دیتے ہوئے خصوصی سند اور نقد انعام سے نوازا گیا ۔

(جاری ہے)

تقسیم انعامات کی تقریب بورڈ آڈیٹوریم میں ہوئی ۔

نومنتخب رکن قومی اسمبلی مجاہد خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔بورڈ کے قائمقام چیئرمین ڈاکٹر طاہر جاوید ،کنٹرولر رشید خان ، آل ایجوکیشن کونسل کے صدر حافظ زبیر، سابق سیکرٹری بورڈ امیر بہادراور پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات اور ان کے والدین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔کرنل شیر خان کیڈٹ کالج اسماعیلہ صوابی کے گیارہ طلبہ نے ٹاپ ٹوینٹی میں جگہ بناکر منفرد اعزاز حاصل کیا ۔

مجاہد خان اور دیگر مہمانوں نے کامیاب طلبہ وطالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجاہد خان نے کامیاب طلبہ وطالبات، ان کت والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اللہ نے بہترین ٹیلنٹ سے نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ٹیلنٹ کو ابھارا جائے اور ان کو مواقع فراہم کیے جائیں تو دنیا میں کوئی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہماری پچھلی حکومت نے تعلیم کی ترقی کو سب سے پہلی ترجیح پر رکھا اور آئندہ بھی تعلیم ہی ہمارے اولین ترجیح رہے گی کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور دنیا میں جتنے بھی ترقیافتہ ممالک ہیں وہاں تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دی گئی ۔اُنہوں نے بورڈ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھر پور معاونت کا یقین بھی دلایا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں