5رشوت لینے پر پٹواری برطرف

پیر 15 اپریل 2024 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی ہدایت پر شہری سے رشوت لینے والے پٹواری کو ڈپٹی کمشنر مردان نے انکوئری کے بعد نوکری سے برطرف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حامد نامی ایک شخص نے کمشنر مردان ڈویژن کے دفتر میں پٹواری حلقہ جونگڑہ وصال احمد کے خلاف شکایت جمع کی کہ مذکورہ پٹواری ایک دیوانی مقدمہ میں ان کے خلاف ناجائز حربے استعمال کر رہا ہے اور ان سے مبینہ طور پر 60 ہزار روپے رشوت بھی لی ہے جبکہ مزید رقم کا مطالبہ کر رہا ہے۔

کمشنر مردان شوکت علی یوسفزئی نے ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ کو معاملہ ریفر کر دیا جنہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سعیداللہ جان کو انکوائری افسر مقرر کر دیا۔ انکوائری افسر نے اپنی رپورٹ میں پٹواری مذکورہ کو قصوروار قرار دیا۔

(جاری ہے)

چنانچہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر مردان نے پٹواری وصال احمد کو بے دخلی میں روڑے اٹکانے اور انصاف کی فراہمی میں روکاوٹ ڈالنے کا مرتکب پاتے ہوئے فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔

دریں اثناء کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے خبردار کیا ہے کہ کسی سرکاری ملازم کو عوام کو بیجا تنگ کرنے اور انصاف کی فراہمی میں روکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بدعنوانی اور دیگر غیر قانونی کاموں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں