مردان،عید الفطرپر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے بھر پور انتظامات مکمل،ہزار سے زائد پولیس واہلکار فرائض سرانجام دینگے

ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پراضافی ناکہ بندیاں قائم، ٹریفک کی روانی کیلئے سپیشل روٹس مقرر کردیئے گئے…عوام ہوائی فائرنگ کی روک تھام میں پولیس کا ساتھ دیں،ضلعی پولیس سربراہ ظہور بابر آفریدی

منگل 9 اپریل 2024 07:30

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) عید الفطر کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اعلی سطحی اجلاس ضلعی پولیس سربراہ ظہور بابر آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایس پیز، سرکل ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ٹریفک اور دیگر ذمہ دار پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید الفطر کے دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی موثر سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیاگیا جس کے تحت 1085 پولیس افسران و اہلکار سیکورٹی خدمات سرانجام دینگے۔

تجارتی مراکز اور بازاروں میں غیر معمولی رش کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشل روٹس مقرر کر دیئے گئے جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ضلع بھر میں ایس پی سٹی، صدر اور رورل ڈویژن کی نگرانی میں سرکل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اضافی گشت کے علاوہ اہم مقامات، شاہراہوں اور مساجد کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کی خصوصی ہدایات دی گئی۔

(جاری ہے)

اہم مقامات بازاروں مارکیٹوں میں سفیدکپڑوں میں مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی جبکہ پولیس موبائل پیٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے چاند رات پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لئے علما ء کرام، معززین اور علاقہ مشران کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کی عید حوالات یا جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی ہوگی۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ عید کی اجتماعات کیلئے مساجد اور عید گاہوں کی سیکورٹی فل پروف بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے۔ اسی طرح اہم و حساس مقامات اور سیروتفریح کیلئے عوام الناس کی سیکورٹی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں