میٹرک امتحانات میں 1100 نمبرز لینے والی طالبہ کے پیپرز کی دوبارہ چیکنگ کرنے کا فیصلہ

1100 نمبروں کا سن کر تعجب ہوا، تحقیقات میں معلوم ہوگا کہ پیپرز کی چیکنگ درست طریقہ سے ہوئی ہے کہ نہیں: صوبائی وزیر شہرام ترکئی

muhammad ali محمد علی بدھ 22 ستمبر 2021 23:33

میٹرک امتحانات میں 1100 نمبرز لینے والی طالبہ کے پیپرز کی دوبارہ چیکنگ کرنے کا فیصلہ
مردان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) میٹرک امتحانات میں 1100 نمبرز لینے والی طالبہ کے پیپرز کی دوبارہ چیکنگ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی کی جانب سے مردان سے تعلق رکھنے والی طالبہ قندیل کے میٹرک امتحانات میں 1100 نمبرز لینے کے معاملے پر ردعمل دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ 1100 نمبروں کا سن کر تعجب ہوا، تحقیقات میں معلوم ہوگا کہ پیپرز کی چیکنگ درست طریقہ سے ہوئی ہے کہ نہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق پیپرز کے دوبارہ چیکنگ کےلئے صوبائی سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ شہرام ترکئی نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں 1100 نمبرز حاصل کرنے والی طالبہ قندیل کی قابلیت پر کوئی شک نہیں ہے، تاہم اس حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دینا بھی ضروری ہے، اسی لیے اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کی تحصیل اکوڑہ خٹک سے تعلق رکھنی والی طالبہ قندیل نے میٹرک کے رزلٹ میں ملکی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ قائم کر دیا۔

گزشتہ روز ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ مردان نے میٹرک کے رزلٹ کا اعلان کیا جس میں سائنس گروپ کی طالبہ قندیل نے 1100 میں 1100 نمبرز حاصل کئے۔ رپورٹس کے مطابق قندیل نامی طالبہ یتیم ہیں اور ان کی والدہ ایک سرکاری سکول ٹیچر ہیں۔ بتایا گیا ہے قندیل کے والد کینسر کے مرض کی وجہ سے انتقال کر چکے ہیں، 1100 نمبر حاصل کرنے والی یہ ہونہار طالبہ مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہے تاکہ ایسے مریضوں کا علاج کرسکے اور کسی اور کے والدین کی جان نہ جائے۔

1100 نمبر حاصل کرنے پر قندیل کیلئے مردان بورڈ کے چئیرمین کی جانب سے خصوصی اعلان بھی کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین طالبہ قندیل کو مبارک باد پیش کر رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین کو اب تک یقین نہیں آ رہا کہ کوئی بھی طالب علم بورڈ کے امتحان میں مکمل نمبرز کیسے حاصل کر سکتا ہے۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں