مردان میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور خراب ٹرانسفارمر کی بروقت عدم تبدیلی سمیت بجلی سے متعلق اجلاس

جمعہ 5 اپریل 2024 07:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) مردان میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور خراب ٹرانسفارمر کی بروقت عدم تبدیلی سمیت بجلی سے متعلق مسائل پر کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کے دفتر میں بڑی بیٹھک میں مردان کے تمام ارکان صوبائی اسمبلی اور پیسکو چیف اختر حمید نے اپنے اعلی افسران کے ہمراہ شرکت کی۔ ارکان اسمبلی امیر فرزند خان، افتخار حسین مشوانی، عبدالسلام آفریدی، احتشام خان، طارق آریانی اور زرشاد خان نے چیف پیسکو کو بجلی سے متعلق عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی میں غیر ضروری تاخیر سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ایم پی ایز عوام کے نمائندے ہیں اور عوام اپنے مسائل کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ فری قرار دئیے جانے کے باوجود مردان میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ چیف ایگزیکیٹیو پیسکو اختر حمید نے اجلاس کو یقین دلایا کہ ایم پی ایز عوامی نمائندے اور قابل احترام ہیں ان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

بعد ازاں کمشنر مردان کے کانفرنس روم بجلی سے متعلق مسائل کے بارے اجلاس ہوا جس میں مقامی تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے چیف پیسکو اختر حمید کو مردان شہر میں جاری لوڈ شیڈنگ میں حالیہ اضافے سے آگاہ کیا۔ کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ اُنہوں نے تاجروں کے نمائندوں سے وعدہ کیا تھا کہ پیسکو کے اعلی حکام کو بلایا جائے گا۔ وہ وعدہ پورا کیا اور آج چیف پیسکو بذات خود یہاں موجود ہیں۔ چیف پیسکو نے اجلاس کو یقین دلایا کہ تاجر برادری کے بجلی سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے موقع پر موجود حکام کو باقاعدہ سروے کرکے ان مسائل کے حل کی ہدایت کی۔ تاجر رہنماؤں نے اجلاس کے انعقاد پر کمشنر مردان کا شکریہ ادا کیا.۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں