آزادی عظیم نعمت ہے ،زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہیں، ذاکر حسین آفریدی

پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،قوم کو ملکی سلامتی، ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا، کمشنر مردان

پیر 14 اگست 2017 17:01

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین آفریدی نے کہاہے کہ آزادی عظیم نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن جوش و جذبے سے مناتی ہے۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور پوری قوم کویوم آزادی کے موقع پر یہ عہد کرنا چاہئے کہ ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔وہ ضلعی حکومت کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

دیگر مقررین میں ضلعی ناظم حمایت اللہ مایار،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ،نائب ناظم اعلیٰ اسد علی کشمیری شامل تھے۔مقررین نے کہاکہ آزادی کے دن منانے کا مقصد اپنے آباو اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کر کے ہی ہم حقیقی آزادی حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس دن کو صرف منانے تک محدود نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ یہ دن ہمیں وہ یاد دلاتا ہے کہ جس طرح ہمارے ابا و اجداد نے پاکستان کو آزاد کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں اسی طرح ہمیں بھی اس عزم کا اظہار کرنا چاہیئے کہ ملک کی ترقی و استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس موقع پر سکولوں کے طلباء و طالبات نے وطن سے محبت کی خاطر ملی نغمے،ٹیبلو،تقریریں پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔قبل ازیں کمشنر مردان اور ضلع ناظم نے پرچم کشائی بھی کی اور اس موقع پر پولیس اور ریسکیو1122کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں