آزاد کشمیر میں دیہاتیوں نے 15 فٹ لمبا اژدھا مار ڈالا‘ ویڈیو وائرل

اژدھا بکری کو نگلنے کی کوشش کر رہا تھا کہ دیہاتیوں کی نظر پڑ گئی جنہوں نے اسے لکڑی کے ڈنڈوں سے ماردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 ستمبر 2022 14:23

آزاد کشمیر میں دیہاتیوں نے 15 فٹ لمبا اژدھا مار ڈالا‘ ویڈیو وائرل
میر پور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 ستمبر 2022ء ) آزاد جموں و کشمیر میں میرپور کے مضافاتی علاقے میں دیہاتیوں نے 15 فٹ لمبے اژدھے کو مار ڈالا، اژدھا بکری کو نگلنے کی کوشش کر رہا تھا کہ دیہاتیوں کی نظر پڑ گئی۔ ڈان اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلی حیات اور ماہی گیری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ساجد نے بتایا کہ ایک شخص چتر پڑی کے علاقے میں ایک نالے کے کنارے اپنا ریوڑ چرا رہا تھا کہ اس نے دیکھا ایک اژدھا اس کی ایک بکری کو بنگلنے کی کوشش کر رہا ہے، جس پر محمد فیصل نامی شخص نے فوری قریبی گاؤں والوں کو فون کیا، جو 20 منٹ میں اس کی بتائی ہوئی جگہ پر پہنچ گئے اور بکری کو اژدھے کی گرفت سے چھڑانے کے لیے گاؤں والوں نے اسے لکڑی کے ڈنڈوں سے مارا جس کے نتیجے میں وہ بالآخر مرگیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر زیر گردش پوسٹ کی گئی ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ مردہ اژدھے کے گرد جمع ہیں جہاں نزدیک ایک مردہ کالی بکری بھی پڑی ہے، ویڈیو میں دیہاتیوں کو مردہ اژدھے کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر مرکزی سڑک کی جانب جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہوں نے اس کے ساتھ سیلفیاں لیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس خطے میں پائے جانے والے کچھ اژدھے عموماً 10 فٹ سے زیادہ لمبے ہوتے ہیں، بڑے سائز کے باوجود ان کی کچھ قسمیں شہری اور مضافاتی علاقوں میں رہتی ہیں، جہاں ان کی پوشیدہ رہنے کی عادات اور چوہے پکڑنے کی غیرمعمولی مہارت ان کی حفاظت میں مدد دیتی ہے۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں