سردارتنویرالیاس سے چیئرمین مرکزی زکوٰة کونسل آزاد کشمیرچوہدری محمد صدیق کی ملاقات

نادار، غرباء،مساکین اور مستحقین میں زکوٰة کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے ،6 ہزار ماہوار زکوٰة دینے ، جہیز فنڈز 60 ہزار روپے مستحقین کو دینے کی ہدایات

ہفتہ 1 اپریل 2023 16:08

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2023ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے آزاد کشمیر کے مرکزی چیئرمین زکوٰة کونسل چوہدری محمد صدیق نے ملاقات کی اس موقع پرآزاد کشمیر کے وزراء حکومت چوہدری یاسر سلطان،چوہدری علی شان سونی،چوہدری مقبول گجربھی موجود تھے۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں نادار، غرباء،مساکین اور مستحقین میں زکوٰة کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور اپنے اعلان کے مطابق 3 ہزار کے بجائی6 ہزار ماہوار زکوٰة دینے اور جہیز فنڈز بھی 12 ہزار روپے کے بجائے 60 ہزار روپے مستحقین کو دینے کی ہدایات دیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بینکوں کی طرف سے زکوٰة کٹوتی کا بھی آڈٹ کروایا جائے تاکہ زکوٰة کی کٹوتی والی رقم اصل مستحقین تک پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زکوٰة اہل ثروت پر فرض ہے اس میں بدیانتی ایمان کے ساتھ بدیانتی کے مترادف ہے،اگر زکوٰة دینے اور لینا اسلام کے اصولوں کے مطابق ہو تو معاشرے میں غرباء اور ناداروں کو بھیک مانگنے کا موقع نہیں ملتا۔

چیئرمین مرکزی زکوٰة کونسل چوہدری محمد صدیق نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو زکواة کونسل کے جملہ ملازمین کی نارمل میزانیہ پر منتقلی اورٹرانسپورٹ سمیت دیگر زکواة کونسل کے متعلق مسائل پیش کیے۔وزیراعظم نے جملہ مسائل کے حل کی یقین دھانی کروائی ۔چوہدری محمد صدیق نے کہاکہ میری بھرپور کوشش ہے زکوٰة کی تقسیم اسلام کے زریں اصولوں اور وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سو فیصد درست اور منصفانہ تقسیم کی جاسکے اس سلسلہ میں زکوٰة عملہ کوبھی سختی سے ہدایات دے دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں