اس موسم میں اگر بداحتیاطی کی جائے تو نزلہ وزکام جان لیوا بھی ہوسکتا ہے، ڈاکٹرنادیہ جبیں

بدھ 13 نومبر 2019 14:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) نامور معالج اور طبی ماہرڈاکٹر نادیہ جبیں نے کہاہے کہ اس موسم میں اگر بداحتیاطی کی جائے تو نزلہ و زکام جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سردی کے موسم میں نزلہ زکام وغیرہ بہت زیادہ پھیلتا ہے، بچے اور بڑے سب اس کاشکار ہوتے ہیں اس لیے بہتر ہے کہ فلو کی حفاظتی ویکسین ضرور لگوائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ویکسین ہر سال ستمبر سے لے کر دسمبر کے مہینے تک لگوانی چاہیے اس سے نزلہ زکام سے مکمل بچائو تونہیں ہوتا لیکن شدید نزلہ زکام اور جان لیوا نزلہ زکام سے بہرحال بچائو رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ معمول کے مشروبات اور صاف ستھری آئس کریم بچے کے گلوں کوخراب نہیں کرتیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ سردی کے موسم میں یہ چیزیں بچوں کے لیے مضرصحت ہیں اوران سے گلہ خراب اوربخارہوجاتا ہے لیکن ان خیالات کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ اس موسم میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کم پینے کاہے، بچے اوربڑے اس موسم میں پانی پینا کم کردیتے ہیں جبکہ ضروری ہے کہ بڑے 10سے 12گلاس اور بچے 4 سے 8گلاس روزانہ پانی پینے کا معمول رکھیں تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں