گرین پنجاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں،صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

منگل 11 دسمبر 2018 22:43

ملتان۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجازعالم آگسٹین نے کہا ہے گرین پنجاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، ہمارے آئندہ کی نسلو کی بقا کا انحصار پاک وصاف ماحولیاتی سسٹم پر ہے، ہم آلودگی کے خاتمے کیلئے انقلابی اصلاحات پر عمل پیر اہیں، صوبہ بھر میں 5 ارب پودے لگانے کے ٹارگٹ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قلعہ کہنہ قاسم باغ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک،ایم پی اے سردار مہیندرپال سنگھ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے علی اکبر بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر قاضی منصور اور ضلعی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر ضلع کو پودے لگانے کا ٹاسک دیا ہے، پبلک مقامات اور سکولوں میں شجر کاری مہم عروج پر ہے اس کے علاوہ انڈسٹریل زونز سے ملحقہ اراضی کو بھی گرین بیلٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنیوالی نسلوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب ہم مل جل کر گرین پنجاب کیلئے کام کریں۔

حکومت کے ساتھ ساتھ شہری اس مقصد کیلئے آگے آئے تو ہماری منزل دور نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم درخت لگاتے کم ہیں اور انہیں کاٹتے زیادہ ہیں، درخت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرتے ہیں اسی لیے حکومت نے کلین اینڈ گرین سکیم لانچ کی ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر شہر بھر میں لاکھوں پودے لگائے ہیں، ہر شہری ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے شجر کاری مہم میں اپنا کردار ادا کرے۔

ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان علی اکبر بھٹی نے کہا کہ شہریوں کیلئے مختلف پارکس میں مثالی تفریح گاہیں ڈیزائن کی جائیں گی جس سے نا صرف خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ آلودگی سے پاک ماحول بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر شجرکاری کی اہمیت پر آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین، ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک ،ایم پی اے سردار مہیندرپال سنگھ اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر پودے لگائے اور ملکی سلامتی اور امن و امان کیلئے دعا بھی کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں