آئندہ سال کھادوں کے استعمال میں کمی کرکے متبادل طریقوں سے کپاس کی کاشت کرائی جائیگی ،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:07

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ آئندہ سال کھادوں کے استعمال میں کمی کرکے متبادل طریقوں سے کپاس کی کاشت کرائی جائیگی ۔کاشتکاروں سے خطا ب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ محکمہ زراعت نے امسال اسی طریقے پر عمل کرتے ہوئے کاشتکاروں کی رہنمائی کی ہے اور اس فصل کو منافع بخش بنایا ہے اور مزاحم کیڑوں کو مربوط انداز سے تدارک کیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ آئندہ سال کھادوں کے استعمال میں کمی کرکے متبادل طریقوں سے بھی کپاس کی کاشت کرائی جائے گی تاکہ زرعی مداخل پر اٹھنے والے اخراجات مزید کم کئے جا سکیں پر اور بہتر پیداوار بھی حاصل کی جاسکے۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کو اس مرحلہ پر کپاس کے نگہداشتی امور میں مزید تیزی لانے بارے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن کاشتکاروں نے محکمہ زراعت کی ایڈوائزری پر عمل کیا ان کی فصل بہتر حالت میں کھڑی ہے اور ابتدائی پیداوار بھی تسلی بخش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار دھان کے مڈھوں سمیت دیگر فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے سموگ پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کی مقدار کم ہوتی ہے او دوست کیڑے بھی مرجاتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ، آصف مجید، عبدالصمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں