خواتین باہم معذوری کو قومی دھارے میں لانا اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے،صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری

بدھ 8 دسمبر 2021 23:36

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) خواتین اور بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی سماجی تنظیم بیداری اور سی بی ایم کے تعاون سے معذور اور بغیر معذوری خواتین اور بچیوں کی سہولتوں تک رسائی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کی۔ صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین باہم معذوری کو قومی دھارے میں لانا اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں معذوری کے حوالے سے دوسرے نمبر پرہے اور اس کی بڑی وجہ کزن میرج ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی مہینے معذور افراد کے حوالے سے قانون سازی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ معذور افراد کے معذوری سرٹیفیکیٹ بنانے کے حوالے سے قائم ضلعی بورڈ میں ایک خاتون باہم معذوری کو شامل کریں گے۔ صوبائی وزیر سید یاور بخاری کا کہنا تھا کہ یقیناً خواتین اور بچیوں کو بہترین سہولتیں، اعلیٰ تعلیم وتربیت دلانا ہمارے معاشرے کا اولین فریضہ ہے ہمیں اس اہم ترین معاملے کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ عورتوں کی اچھی تعلیم، بلند سوچ، اخلاق حسنہ اور معیاری کردار کے ذریعے گھر جنت نشان بن سکتا ہے - موجودہ دور میں خواتین کا کردار ملکی ترقی کے لیے بہت اہم ہے اور خواتین و بچیوں کو بہترین سہولتوں تک رسائی ہی واحد راستہ ہے جو آنے والے وقت میں پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریگا۔

بیداری کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خواتین باہم معذوری کو جنسی ، جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بیداری سی بی ایم کے تعاون سے ملتان اور مظفرگڑھ میں خواتین باہم معذوری کے حقوق کیلئے کام کررہی ہے اور ان کے حقوق کی تحفظ و قانون سازی کیلئے ہر سطح پر کام کررہی ہے۔

اجلاس میں ڈویڑنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ڈیرہ غازیخان چوہدری اظہر یوسف ، ڈویڑنل ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ملتان مزمل یار، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر مظفرگڑھ سلیم رضا شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ بیداری نے 25 وہیل چیئرز محکمہ سوشل ویلفیئر کے حوالے کیں جنہیں صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے خواتین باہم معذوری میں تقسیم کیا

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں