شہریوں کے جا ن و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، ڈی پی او شیخوپورہ

جمعہ 14 فروری 2020 22:02

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2020ء) ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے کہا ہے کہ شہریوں کے جا ن و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے لوٹا ہوا مال برآمد کیا جائے گا۔ تھانہ نارنگ منڈی کے علاقہ میں بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کو لوٹنے والے بین الاضلاعی گینگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی آفس مریدکے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس چودھری قیصر مشتاق، ایس ایچ او سٹی فیصل عباس چدھڑ، ایس ایچ او صدر نوید انجم اعوان، ایس ایچ او نارنگ منڈی اور پی آر او واجد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شیخوپورہ پولیس کے ضلعی سربراہ نے انکشاف کیا کہ تھانہ نارنگ منڈی اور فیروزوالہ کے علاقہ میں کالا خطائی روڈ اور مریدکے نارووال روڈ پر ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران لاہور ایئر پورٹ اور دیگر شہروں سے آنے جانے والے مسافروں کو گن پوائنٹ پر لے کر ان سے قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ لیتے تھے۔

(جاری ہے)

غازی صلاح الدین نے مزید بتایا کہ شہریوں کے پے درپے لٹنے کی وارداتوں سے پولیس کو تشویش لاحق ہوئی جس پر ایس ایچ او تھانہ نارنگ منڈی کو خصوصی ٹاسک دیا گیا جنہوں نے کئی ماہ تک کی کوشش کے بعد6رکنی ڈکیٹ گینگ کا کھوج لگایا اور ان کے چار ارکان کو گرفتار کرکے ان سے پانچ لاکھ روپے کی نقدی ، قیمتی اشیا ء اور آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق سدھانوالی اور مغل والہ کے رہائشی محسن ورک، اعجاز ورک، آصف ارائیں، ذین وڑائچ، شبیر عرف شمیر جٹ اور قیصر بٹر عرف گروی کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوںنے کالا خطائی روڈ پر ہی حویلی بنارکھی تھی اور واردات کے بعد اسلحہ اور لوٹا ہوا مال اسی حویلی میں چھپا لیتے تھے جس کے باعث ان کو ٹریس کرنا مشکل تھا۔

ملزمان نے ڈکیتی اور دوران واردات قتل کی 11 وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جس میں ذیادہ تر لاہور ایئر پورٹ سے نارنگ منڈی اور نارووال کے شہروں میں جانے والے خاندان شامل تھے۔ملزمان دیگر اضلا ع کی پولیس کو بھی وارداتوں میں مطلوب بیان کئے جاتے ہیں جن کی تفصیل جمع کی جا رہی ہے۔ مبینہ ملزمان سے ریپیٹر، پسٹل اور دیگر اسلحہ کے علاوہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی نقدی اور وارداتوں میں استعمال کی جانے والی ہنڈا125موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔

ڈی پی او شیخوپورہ نے مختلف مقدمات کے مدعیان کو موقع پر ہی ان کی نقدی واپس کر دی اور نارنگ منڈی کے ایس ایچ او اور دیگر پولیس پارٹی کو شاباش دی۔ پریس کانفرنس کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور درجن سے زائد سائلین کی شکایات پر معاملات کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں