مریدکی: شہر کی یوٹیلٹی سٹور انتظامیہ نے مہنگائی کے مارے عوام کو مزید مارنے کی تیاری کرلی

سستی چینی اور گھی وغیرہ کی فراہمی کے لیے ہزاروں روپے کی دیگر اشیاء خریدنے کی شرط عائد ، چند روپے بچانے کی خاطر یوٹیلٹی سٹورز پر آنے والے شہری خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ، شہریوںنے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

پیر 20 ستمبر 2021 22:56

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) شہر کی یوٹیلٹی سٹور انتظامیہ نے مہنگائی کے مارے عوام کو مزید مارنے کے لیے سستی چینی اور گھی وغیرہ کی فراہمی کے لیے ہزاروں روپے کی دیگر اشیاء خریدنے کی شرط عائد کر دی۔ چند روپے بچانے کی خاطر یوٹیلٹی سٹورز پر آنے والے شہری خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ شہریوںنے احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

مریدکے ٹاؤن کے شہری مبارک علی سمیت دیگر شہریوں نے شکائت کی ہے کہ مریدکے ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں قائم یوٹیلٹی سٹور ز کی انتظامیہ نے عوام کو سستی اشیاء ضروریہ فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات کو ناکام بنانے کے لیے یوٹیلٹی گھی اور چینی کی فراہمی کے لیے ہزاروںروپے کا دوسرا سامان خریدنے کی شرط عائد کر دی ہے جس کے باعث دور دراز سے آنے والے صارفین مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری یوٹیلٹی سٹورز پر بھی سستی اشیاء کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے عوام بازاروں سے مہنگی ترین اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں