مریدکے،پولیس افسران کو لوٹنے کی کوشش کرنے والے ڈاکو گرفتار

منگل 7 مئی 2024 17:22

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) موٹر سائیکل پر لاہور سے گوجرانوالہ تک جی ٹی روڈ پر شوقیہ ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے اعلی تعلیم یافتہ ڈکیت گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت ڈی ایس پی مریدکے اور ایس ایچ او تھانہ صدر مریدکے کو لوٹنے کی کوشش کے دوران گرفتار ،لاکھوں روپے کی لوٹی ہوئی نقدی ،چھ مسروقہ موٹر سائیکلیں ، رکشہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ، ملزمان نے تیس سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کر لیا ، گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ڈی پی اوشیخوپورہ بلال ظفر شیخ کو خفیہ زرائع سے اطلاع ملی تھی کہ پڑھے لکھے نوجوانوں پر مشتمل گینگ لاہور سے گوجرانوالہ تک شوقیہ ڈکیتی کی وارداتیں کرتا ہے اور موٹر سائیکلوں پر شام کے وقت نکلتے ہیں انکے زیادہ تر شکار موٹر سائکل سوار افراد اور فیملیاں ہوتے ہیں جس پر ڈی پی او نے ڈی ایس پی مریدکے حاجی ملک طاہر صدیق ایس ایچ او تھانہ صدر سیدظہیر عالم شاہ کو حکم دیا سادہ کپڑوں عام شہری بن کر جی ٹی روڈ پر موٹر سائکل پر گشت کریں پہلے روز گشت کے دوران ہی موٹر سائیکل سوار نوجوان ڈاکوئوں نے کھوڑی کے قریب گھیر لیا اور پکڑے گئے ۔

(جاری ہے)

دوران ابتدائی تفتیش ڈاکوئوں نے دو پسٹل برآمد کروادیئے ، چھ مسروقہ موٹر سائکلیں ،ایک رکشہ ۔ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد کی نقدی ،چھ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان برآمد کروادیا ۔ملزمان نے بتایا کہ وہ اعلی تعلیم یافتہ ہیں ،شہزاد عرف شہزادو ڈکیت گینگ اور تنویر عرف تنویرو ڈکیت گینگ بنارکھا ہے ،ابتک تیس سے زائد وارداتیں کرچکے ہیں ۔پولیس نے پکڑے گئے ڈاکوئوں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں لاہور اور گوجرانوالہ روانہ کردی ہیں مزید ملزمان کی گرفتاری اور سنسنی خیز انکشاف کی توقع ہے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں