مسلم کانفرنس سفارتی امور کے چیئرمین سردار عفان علی خان کا دورہ لیپہ

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 15:21

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) مظفرآباد آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سفارتی امور کے چیئرمین سردار عفان علی خان نے لیپہ کادورہ کیا ،جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔انہوں نے مسلم کانفرنسی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنسی کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔انہوںنے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاستی سواد اعظم جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں ان مسلم کانفرنسی کارکنوں کو جنہوں نے مشکل وقت میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے ر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیپہ کے دورہ کے دوران لمنیاںدودھپورہ زاہد نذیر عباسی کی طرف سے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سردار عفان علی خان نے پارٹی کارکنان کو مبارک دی اس نازک وقت میں بھی ایم سی کارکنان نے پارٹی پرچم تھاما ہوا ہے آپ کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، بہت جلد مسلم کانفرنس کا دور آئے گا مجاہد اول کے چاہنے والے سرخرو ہونگے ۔

(جاری ہے)

مشکل وقت آتے جاتے ہیں مگر انہی کارکنوں کی عزت ہوتی ہے جو مشکل میں اپنی جماعت کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر پر حملہ کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہ رہے ہیں۔ آزادکشمیر کی عوام نے یہ خطہ اپنا لہو دے کر حاصل کیا۔ آج بھی عوام جرات کے ساتھ بھارتی فائرنگ کامقابلہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے تشخص پر حملہ کرکے ہماری عزت کو للکارا ہے یہ پاکستان کی عزت وقار کا سوال بھی بن گیا ہے اس لیے اب بھارت کو جواب دینا ناگزیر ہوتا جارہا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو محصور رکھ کربھارت اپنے انجام کو زیادہ دیر تک نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کسی لمحے کا انتظار کیے بغیر پہلے مرحلے پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرانے کے لیے اپنا کردارادا کرنے چاہیے۔ اگر کوئی المیہ رونما ہوا تو آزادکشمیر کے عوام تماشائی بن کر یہ سب کچھ نہیں دیکھیںگے بلکہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان حالات کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہوگی ۔ انہوں نے کہا مودی کی صورت میں بھارت میں ایک ہٹلر پیدا ہوچکاہے یہ ہٹلر ہندو قوم پرست کو ہوا دے کر ردعمل پیدا کررہا ہے جس کا نتیجہ برصغیر کی تباہی کی صورت میں نکل سکتا ہے ۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم کانفرنس کے مرکزی مجلس عاملہ کے ممبر منصور عالم قریشی ، ساجد عباسی ،اشفاق عباسی،سید یاسر کاظمی، ودیگر بھی ہمراہ تھے ۔ اس سے قبل جب وہ دائو کھن پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں