بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگی ماحول پیدا کر رہا ہے، دشمن کے بزدلانہ اقدامات آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے کبھی پست نہیں کر سکتے ،صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 19:13

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قابض بھارتی فوج کی طرف سے وادی نیلم سمیت مختلف سیکٹروں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری اور اس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے ضیاع اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے یہ بزدلانہ اقدامات آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔

آزاد کشمیر وادی نیلم کے گائوں چانگن ، دودھنیال اور شاردہ میں گزشتہ روز سے جاری فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک کمسن بچے کی شہادت اور نو دیگر شہریوں کے زخمی ہونے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پار سے بھارتی فوج کلسٹر ایمونیشن استعمال کر رہی ہے جو کلسٹر ایمونیشن کنونشن کے تحت ایک جرم ہے اور خود بھارت اس بین الاقوامی معائدے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔

اُنہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑانے پر بھارت کا محاسبہ کر ے اور اسے خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دینے اور کشیدگی بڑھانے سے باز رکھنے کے لئے دبائو ڈا لے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ماحول پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کے دونوں حصوں میں کھلے عام دہشت گردی کر رہا ہے اور انسانوں کی جان و مال سے کھیل رہا ہے جس کی اُسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں