آزادکشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں/ بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز مہیا کر دیئے ہیں ، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد

منگل 23 اپریل 2024 22:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزیر بلدیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی مؤثر بنانے اور بلدیاتی نمائندگان کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آزادکشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں/ بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز مہیا کر دیئے ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکیں ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد/ فنڈز اور اختیارات کی نسبت وزیر بلدیات کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے اور سب کمیٹی کے ممبر سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں کو فعال اور مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ ان اداروں کے منتخب عوامی نما ئندے بہترطریقے سے اپنا حق نمائیندگی اداکرتے ہوئے مقامی سطح پر ترقیاتی عمل اپنا بھر پور کردار ادا کرسکیں اور بلدیاتی انتخابات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں ،انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعظم اور وزیر بلدیات کی منظوری کے بعد سیکرٹریٹ لوکل گورنمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں کیلئے ابتدائی طور پر مالی سال 2023ـ24 کیلئے411ملین روپے کی رقم بطور گرانٹ ان ایڈ فراہم کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے گرانٹ ان ایڈ کے تحت ملنے والی رقوم استعمال کرنے میں مکمل طور پرمجاز اور سکیمیں مرتب منظور کرنے میں بااختیار ہونگے تاہم یہ رقوم صرف ترقیاتی کاموں/منصوبوں پر ہی خرچ کی جائے سکے گی ،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر کی تمام شہری بلدیاتی اداروں ضلع کونسلز،میونسپل کارپوریشنز،میونسپل کمیٹیزاور ٹاون کمیٹیز کو فی وارڈ ایک ملین یعنی 10 لاکھ روپے اور دیہی دیہی یونین کونسلز کو بھی فی یونین کونسل ایک ملین یعنی (10لاکھ) روپے گرانٹ ان ایڈ کی صورت میں مہیا کی جا رہی ہے انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل مظفرآباد کی 41 یونین کونسلز کیلئے 41 ملین روپے جبکہ میونسپل کارپوریشن میرپور کی 46 وارڈ کیلئے 46 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ فراہم کی جائیگی، ضلع کونسل کوٹلی کی58 یونین کونسلز کیلئے 58ملین روپے،میونسپل کارپوریشن کوٹلی کے 14 وارڈز کیلئے 14ملین روپے،ضلع کونسل بھمبر کی 31وارڈ کیلئے31ملین روپے، ضلع کونسل میرپور کی 27 یونین کونسلز کیلئے 27 ملین روپے جبکہ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی36وارڈز کیلئے 36 ملین روپے،ضلع کونسل نیلم کی15 یونین کونسلز کیلئے15 ملین روپے،ضلع کونسل جہلم ویلی کی 18 یونین کونسلز کیلئے18 ملین روپے۔

(جاری ہے)

ضلع کونسل باغ کی 28 یونین کونسلز کیلئے 28 ملین روپے،میونسپل کارپوریشن باغ کی15وارڈذ کیلئے 15 ملین روپے،ضلع حویلی کی 12 یونین کونسلز کیلئے 12 ملین روپے،ضلع کونسل راولاکوٹ کی29 یونین کیلئے 28 ملین روپے، میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کی 22وارڈذ کیلئے 22ملین روپے جبکہ ضلع کونسل سدھنوتی کی 19 یونین کیلئے 19 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ مہیا کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ یہ رقم 30 جون سے قبل خرچ کی جائے گی لہذا متعلقین فوری طور پر ترقیاتی سکیمیں مرتب کرکے متعلقہ فورمز پر پہنچائیں تاکہ بروقت فنڈز خرچ ہوں اور لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں