ملکی سیاست کو سیاسی جماعتیں مل کر درست سمت میں لائیں‘ راشد نسیم

تمام جماعتوں کو سیاسی کلچر میں ایک دوسرے کے لیے احترام، رواداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے

جمعرات 1 فروری 2024 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2024ء) نائب امیرجماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کو سیاسی جماعتیں مل کر درست سمت میں لائیں۔ سب نے دیکھا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو سزائیں سنائی گئیں لیکن اس بار مٹھائیاں تقسیم نہیں ہوئیں۔ سیاسی جماعتوں کو غیرجمہوری قوتوں کے ہاتھوں ایک دوسرے کیخلاف استعمال ہونے کی بجائے سیاسی کلچر میں ایک دوسرے کے لیے احترام، رواداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سندھ کے الیکشن سیل کے دورہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ کراچی مزید خون خرابے کا متحمل نہیں ہوسکتا، کراچی، سبی، باجوڑ، چمن میں کشیدگی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ حکومت قیام امن اور انتخابی سرگرمیوں کا تحفظ یقینی بنائے، جماعت اسلامی ملک میں بذریعہ انتخابات تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام پانی،بجلی وگیس بحران کا شکار ہیں جبکہ بدامنی ولوٹ مار کی وارداتوں نے عدم تحفظ کا احساس پیدا کردیا ہے، ساری سیاسی جماعتیں آزمائی جا چکیں، اب کراچی سمیت ملک بھر کے عوام کی آخری امید جماعت اسلامی ہے، قوم8فروری کو ترازو پر مہر لگاکر جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔صوبائی رہنما اورالیکشن سیل کے چیئرمین محمد مسلم نے مرکزی رہنما کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی سندھ نے 8فروری کو ہونے والے انتخابات میں کراچی تا کشمور قومی اسمبلی کے 51اور صوبائی اسمبلی میں 105 امیدواروں کوکھڑا کیا ہے جس میں 11خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔

صوبائی امیر محمد حسین محنتی سمیت پوری صوبائی ٹیم متحرک اور انتخابی مہم میں مصروف ہے،بڑے عرصے بعد جماعت اسلامی نے پہلی مرتبہ اپنے نشان جھنڈے ومنشور پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے،مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پرناظم مالیات محمد دین منصوری،سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا،ڈپٹی سیکرٹری زیرعلی جمالی،شکیل احمد جکھرو بھی موجود تھے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں