فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی تقریب ٗ پاکستانی سفیر نے قومی پرچم لہرایا ٗ بچوں نے ملی نغمے گائے

یوم آزادی کے موقع پر دیار غیر مقیم پاکستانیوں کو حقیقی معنوں میں پاکستان کا پر امن اور باوقار شہری کے طورپر کر دار ادا کر نا چاہیے ٗ پاکستانی سفیر ملک میں ایک مستحکم جمہوری حکومت پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کیلئے بھرپور کام کررہی ہے ، مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور ہزاروں جوانوں نے مادر وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں ،فرانس میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر فخر محسوس کرتا ہوں ، فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو متحد کر نے کیلئے سالانہ فیسٹول منعقد کیا جائیگا اور تعلیم کے میدان میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو جناح ایوارڈ سے نوازا جائیگا ٗمعین الحق کا تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 17:25

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) فرانس میں پاکستانی سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر دیار غیر مقیم پاکستانیوں کو حقیقی معنوں میں پاکستان کا پر امن اور باوقار شہری کے طورپر کر دار ادا کر نا چاہیے تاکہ پاکستان کا نام روشن ہوسکے ، ملک میں ایک مستحکم جمہوری حکومت پاکستان کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کیلئے بھرپور کام کررہی ہے ، مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور ہزاروں جوانوں نے مادر وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں ،فرانس میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر فخر محسوس کرتا ہوں ، فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو متحد کر نے کیلئے سالانہ فیسٹول منعقد کیا جائیگا اور تعلیم کے میدان میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو جناح ایوارڈ سے نوازا جائیگا ۔

(جاری ہے)

اتوار کو پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران اور پاکستانیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔اس موقع پر معین الحق سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو چودہ اگست کی آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ وہ پہلی مرتبہ فرانس میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کر کے فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ 70سالہ آزادی کا سفر انتہائی کٹھن ہے جو معاشی ، اقتصادی صورتحال کے درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کا سامنا کر نا پڑا ۔

انہوں نے کہاکہ دشمنوں کی سازشوں کی وجہ سے آدھا ملک بھی چلا گیا اور آج دہشتگردی اور بجلی کے بحران کا قوم مقابلہ کررہی ہے قوم کا عزم اور ولولہ بلند ہے پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی آبادی کے لحاظ سے مملکت ہونے کے ساتھ دنیا میں اہم مقام رکھتا ہے انہوں نے کہاکہ اﷲ کے فضل وکرم سے آج ملک میں مستحکم جمہوری حکومت ہے ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے قوم اور فوج دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے شہداء نے اپنی جانیں دیکر وطن عزیز کی حفاظت کیلئے جو نذرانہ پیش کیا ہے ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں فرانس میں مقیم پاکستانیوں کے دل آج بھی اپنے ملک کیلئے دھڑکتے ہیں فرانس میں رہنے والے سب پاکستانی متحد اور منظم ہورکر اپنے ملک کے حقیقی سفیر بن کر اپنا کر دار ادا کریں ۔

سفیر پاکستان نے کہاکہ پاکستانی فرانس کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پر امن اور باوقار شہری بن کررہ رہے ہیں فرانس اور پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں فرانس کے صدر اور وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کوئٹہ واقعہ کی مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ایک ایسے مذہب کے پیرو کار ہیں جس میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں اسلام امن کا دین ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کا سفارتخانہ کمیونٹی کی فلاح وبہبود اور ان کی بہتر خدمت کیلئے اپنا کر دار ادا کرتا رہے گا پاکستانی کمیونٹی کو متحد کرینگے ۔

نوجوانوں کیلئے جناح کے سکالر شپ کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے نو جوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔پاکستانی کمیونٹی کا ہر سال ایک پاکستان فیسٹول منعقد کرینگے اس سے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائیگا انہوں نے کہاکہ ہم آج کے دن یہ عہد اور عزم کریں کہ پاکستان کے قیام کیلئے 70سال پہلے جنہوں نے قربانیاں دیں اور ملک کے تحفظ کیلئے جو مسلح افواج کے نو جوان اپنی جانیں قربان کررہے ہیں انکے اس نذرانے کو ہم بھولیں گے نہیں بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہو کر اپنا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے ۔

اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنائے گئے ۔سفیر پاکستان معین الحق نے قومی پرچم لہرایا اور بچوں نے ملی نغمے گائے جبکہ قومی ترانے کے احترام میں پاکستانی کمیونٹی نے کھڑے ہو کر ترانہ سنا ۔تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی امیر محمد خان کے علاوہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مردو خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔سفارتخانہ کی طرف سے مہمانوں کیلئے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں