اہم عہدوں پر براجمان گندم مافیا کو لٹکایا جائے، چوہدری برجیس طاہر

کسانوں اورحکومت کے درمیان خلیج پیداکرنے والے عناصر سزاکے مستحق ہیں

بدھ 1 مئی 2024 16:00

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) حکومت اور سرکاری عہدوں پر براجمان گندم مافیاکولٹکایاجائے وہ سزاکے مستحق ہیں،سابق گورنر وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان،مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن چوہدری محمد برجیس طاہر کا کہناہے کہ کسانوں اورحکومت کے درمیان خلیج پیداکرنے والوں کوکیفرکردارتک پہنچایا جائے،ملک کواربوں روپے کا نقصان پہنچانے والوں کا ٹھکانہ جیل ہے،ایسے کرداروں کوالٹالٹکایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے،انہوں نے کہاکہ حکومت اور سرکاری عہدوں پر براجمان مافیانے ملک کے کسانوں کی کمر توڑ کررکھ دی،گندم مافیاحکومت اورکسانوں کے مابین نفرت کی فضا پیدا کرکے ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں ، مافیانے پنجاب میں گندم خریداری میں تاخیری حربے استعمال کرکے حکومت اورکسانوں کے مابین نفرت کا بیج بویاتاکہ میاں محمد نوازشریف کی شخصیت اور وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی کارکردگی کوناکام بنایا جاسکے،معلوم تھا کہ ملک میں گندم کی فصل تیار ہو کر آنے والی ہے توحکومتی اعلی عہدوں پربیٹھے افراداور بیورو کریسی نے لالچ، غلط حکمت عملی اور ملی بھگت سے 32لاکھ ٹن گندم مہنگے داموں منگواکرملک کے کسان سے 39سوروپے من خریدکااعلان کرکے ملک کے کسان کوزندہ درگورکردیا، کسان رو رہا ہے،کسان آج28سو روپے من میں گندم فروخت کرنے پر مجبور ہے، دو ماہ بعد مڈل مین سے یہ گندم 5ہزار روپے من میں خرید ے گاجوملک کے کسانوں سے سراسر زیادتی ہے،برجیس طاہر کا مزید کہنا تھا کہ گندم اسکنڈل میں ملوث بڑے بڑے نام ہیں،مانیٹرنگ کمیٹیاں اور ایجنسیز بھی اپناکرداراداکرنے میں ناکام رہیں۔

(جاری ہے)

وہ سانگلہ ہل مسلم لیگ ن کیمپ آفس میں گفتگو کررہے تھے،انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس ایسے کرداروں کے خلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے مافیاکوکیفرکردارتک پہنچائیں تاکہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ سکے۔

ننکانہ صاحب میں شائع ہونے والی مزید خبریں