بلاول اورشہبازشریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہے: سراج الحق

جمعرات 18 جنوری 2024 20:24

بلاول اورشہبازشریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہے: سراج الحق
نصیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2024ء) امیرجماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلاول اور شہباز شریف نے جعلی مقابلے کا ماحول بنایا ہے، کہتے ہیں کہ تیر اور شیر کا مقابلہ ہے حالانکہ یہ شیر نہیں بلی ہے۔ نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ الہٰ یار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا سورج غریب عوام کے لیے خوشی کا پیغام لائے گا، اب دو پاکستان نہیں ایک پاکستان بنے گا، ہم انقلاب لانا چاہتے ہیں، تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرداروں نے منتخب ہونے کے بعد اپنی دنیا بنائی، عوام کے مستقبل کو تاریک بنایا گیا۔ انہوں نے کہا یہاں سڑکوں پر کھنڈرات نما گڑھے ثبوت ہیں کہ یہاں کے سرداروں نے اپنی پراپرٹی میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اللہ نے ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے، عبدالمجید بادینی کی صورت میں قیادت سامنے آئی جس نے 28 سال عوام کی خدمت کی اور اپنے بچوں کی طرح اس شہر کے بچوں سے پیار کیا، ہم یہاں کے غریب عوام کے لیے ایک اسپتال بنا رہے ہیں، یہاں کے عوام اپنے حق سے محروم ہیں، نہ انہیں انصاف ملتا ہے، نہ ہی روزگار ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی حکومت کے بغیر بھی 28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کر رہی ہے، ان حکمرانوں نے آپ کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے، انہیں جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب بے بس ہے، ان لوگوں کے سامنے جھک جاتا ہے، انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کئے بغیر کہا جب آپ 3 بار وزیرِاعظم بن کر کچھ نہیں کر سکے، تواب پاکستان کو کیا بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے عوام ترقی چاہتے ہیں، زنجیروں کو توڑنے کا وقت آ گیا ہے، ہم آپ کو کلین پاکستان دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے بعد ظالموں کا حساب ہو گا، غریب ایوانوں میں نظر آئے گا۔

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں