اپوزیشن جماعتیں میری مقبولیت سے خائف ہیں، پرویز خٹک

پرویز خٹک نےکہا کہ 8 فروری کا دن باریاں بانٹنے والوں کی سیاست کا آخری دن ہوگا، سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کا خطاب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 6 جنوری 2024 23:29

اپوزیشن جماعتیں میری مقبولیت سے خائف ہیں، پرویز خٹک
نوشہرہ ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری 2024ء) سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں میری مقبولیت سے خائف ہیں، انہیں خواب میں بھی میں نظر آتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا دن باریاں بانٹنے والوں کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں میری وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ نو مئی کا دن پاکستان کے 22 کروڑ عوام کبھی نہیں بھول سکتے۔

پرویز خٹک نےکہا کہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو اندھیرے میں رکھا اور ووٹ حاصل کرکے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا۔ قبل ازیں ایک پریس کانفرنس میں پرویز خٹک نے کہا تھا کہ میں لوٹا نہیں ہوں، میں نے عمران خان کے مقابلے میں پارٹی بنائی ہے اور اسی سے مقابلہ ہے، ہمیں کوئی خدشات نہیں ہماری تیاری مکمل ہے، خیبرپختونخوا کی بہتری کیلئے سب سے زیادہ کام میں نے کیا، 8 تاریخ کو سب کو شکست دوں گا، آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا انتخابی نشان پگڑی ہوگا، پی ٹی آئی پی کسی سے سیٹ ایڈجسمنٹ نہیں کرے گی، جسے ہمارا خوف ہے گھر بیٹھ جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں میرا کسی اور سے نہیں بلکہ تحریک انصاف سے مقابلہ ہے، میں جب بھی میدان میں آتا ہوں تو جیت کرجاتا ہوں، اگر میں نے کچھ نہیں کیا ہوتا تو لوگ عزت نہیں دیتے، تحریک انصاف میں کوئی شامل ہو تو وہ لیڈر اور اگر کوئی چھوڑے تو لوٹا کہلاتا ہے، میں لوٹا نہیں ہوں میں نے ان کے مقابلے کیلئے پارٹی بنائی ہے، ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو میدان میں لائیں، کافی دوست ہیں جو جلدی ہماری پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔

نوشہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں