نوشکی کلی صاحبزادہ کا آبنوشی ٹیوب ویل دو سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا ،رہائشیوں کا احتجاجی مظاہرہ

ڈپٹی کمشنر،کمانڈنٹ نوشکی ملیشیاء اور نیب کے اعلی حکام سے ٹیوب ویل فنڈ ہڑپنے کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

جمعہ 25 دسمبر 2020 16:43

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2020ء) نوشکی کلی صاحبزادہ کی آبنوشی ٹیوب ویل دو سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا کلی کے رہائشیوں کا ٹیوب ویل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ،ایکسین پی ایچ ای ،ٹھیکیدار کے خلاف شدید نعرے بازی۔ڈپٹی کمشنر،کمانڈنٹ نوشکی ملیشیاء اور نیب کے اعلی حکام سے ٹیوب ویل فنڈ ہڑپنے کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق 4 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل کلی صاحبزادہ کی آبنوشی ٹیوب ویل دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہ ہونے کے وجہ سے کلی کے کئی علاقے پینے کے پانی سے تاحال محروم ہیں۔دو سال قبل کلی کے لئے ایک کروڑ کی لاگت سے واٹر سپلائی اسکیم کی منظوری سے کلی کے رہائشیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی اور امید تھی کہ اب جلد کلی کے باسیوں کو پینے کا پانی میسر ہوگا مگر عرصہ دو سال گزرنے کے باوجود تاحال آبنوشی ٹیوب ویل تاحال مکمل نہیں ہوسکی ہے کلی کے باسیوں نے محکمہ پی ایچ ای کے ایکسئین و اعلی عہدیداروں کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نامکمل آبنوشی ٹیوب ویل کو فوری طور پر بحال کرکے کلی کے مکینوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنایا جائے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کلی کے سیاسی رہنما چیئرمین اختر محمد مینگل ،مولانا عبدالہادی غلام قادر مینگل زکریا مینگل ماسٹر نوربخش ساسولی و دیگر نے بتایا کہ واٹر سپلائی مکمل نہ ہونے کے وجہ سے کلی کے مکین گزشتہ دو سالوں سے شدید کرب و کوفت کا شکار ہیں کلی کے غریب مکین مہنگے داموں واٹر ٹینکروں کے ذریعے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ٹھیکدار اور ایکسئین پی ایچ ای کی ملی بگھت سے واٹر سپلائی کے خطیر رقم کو ہڑپ کیا جارہا ہے۔واٹر سپلائی کے لئے انتہائی ناقص واٹر ٹینک بنایا گیا ہے جبکہ ٹھیکیدار 84 کے بجائے 48 سولر پلیٹ اور 4500 فٹ پائپ کے بجائے صرف 3 ہزار فٹ پائپ بچھانے چاہتے ہیں اور خطیر رقم ہڑپ کرنا چاہتے ہیں جب کلی کے مکینوں نے انکار کیا تو ٹھیکدار نے کام ادھورا چھوڑ دیا۔

متعدد بار ایکسین پی ایچ ای سمیت محکمہ کے عہدیداروں سے واٹر سپلائی کو مکمل کرنے اور چلانے کے لئے درخواست کی ہے مگر محکمہ کے ایکسین مبینہ کرپشن کے وجہ سے خاموش اور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔جبکہ محکمہ نے ٹھیکدار کو رولز کے برخلاف ملی بگھت سے پیشگی ادائیگی کردی ہے اور کلی کے مکین اب بھی پانی خریدنے اور پانی کے لئے سرگرداں ہیں انہوں نے کمانڈنٹ نوشکی ملیشیاء کرنل محمد آصف،ڈپٹی کمشنر نوشکی جمیل احمد بلوچ،سیکرٹری پی ایچ ای اور نیب کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی ایچ ای کی نوشکی میں کرپشن کا فوری نوٹس لیکر کرپٹ آفیسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں۔

متعلقہ عنوان :

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں