یوٹرن پالیسی کا خمیازہ قوم مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے، غلام احمد بلور

حکمرانوں نے صرف قوم کو مقروض کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی کام نہیں کیا ، سوروزہ پلان جھوٹ کا پلندہ ہے،قوم کومقروض اور بھکاری بنانے کے سوا کچھ نہیں کیاگیا،،،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر

اتوار 16 دسمبر 2018 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سو دن میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ عوام پر گرا یا اور ناکام معاشی پالیسیوں کا خمیازہ قوم کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ناگزیر ہے جب تک پانامہ کے 436 افراد کو احتساب کے کٹہرے میں نہیں لایاجاتا ،احتساب کے عمل سے انتقام کی بو اٹھتی رہے گی۔

حاجی غلام احمد بلورنے کہاکہ عمران نیازی حکومت نے سودن میں سوباریوٹرن لئے جس کا خمیازہ قوم مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے حکمرانوں نے صرف قوم کو مقروض کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی کام نہیں کیا سرکاری عمارتیں گرانے سے نہیں بلکہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور عوام کو ریلیف ملنے سے ہی حکومت اور عوام کے فاصلے کم ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ100روزہ پلان سو جھوٹ کا پلندہ ہے،قوم کومقروض اور بھکاری بنانے کے سوا کچھ نہیں کیاگیا،عوام کی ڈائریکشن مزید خراب کردی گئی ہے،حکومت نے میرٹ کا قتل عام کیا ،کوئی معاشی پالیسی نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

عمران خان اپنے وزراء کو نااہلی اور خراب کارکردگی کے باوجود اے گریڈ مارکس دے رہے ہیں جو یوٹرن کی بڑی مثال ہے،انہوں نے کہاکہ تبدیلی کا نعرہ لگا نے والے اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے قانون کا جنازہ نہ نکالیں ، انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں وزراء، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کھلم کھلا مداخلت کر رہے ہیں اور ٹیوب ویل وٹرانسفارمرز کے وعدے سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کئے جا رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور ضمنی بلدیاتی الیکشن میں سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال پر چپ کا روزہ توڑ کو اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے، حاجی بلور نے کہا کہ اے این پی عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا وطیرہ اپنائے رکھے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں