صدر مملکت عارف علوی سے معاون خصوصی وزیراعلی کامران بنگش کی ملاقات، مختلف امور ،آئی ٹی شعبے کی ترقی وترویج پر تبادلہ خیال

منگل 18 دسمبر 2018 19:55

صدر مملکت عارف علوی سے معاون خصوصی وزیراعلی کامران بنگش کی ملاقات، مختلف امور ،آئی ٹی شعبے کی ترقی وترویج پر تبادلہ خیال
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس وٹیکنالوجی اورا نفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی اور ان سے مختلف امور خصوصی طور پر آئی ٹی شعبے کی ترقی وترویج پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر الیکٹرانک ووٹنگ کے طریقہ کار کو اپنانے کیلئے درکار مختلف امور بھی زیر بحث لائے گئے۔

کامران بنگش نے انتخابات کے عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ کے طریقہ کار کواپنانے کے سلسلے میں ضروری عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے انتخابات کے نظام میں مکمل شفافیت آئے گی اور الیکٹرانک طریقہ کار کی بدولت ووٹنگ سسٹم بھی آسان ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے صدرمملکت سے درخواست کی کہ آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے وفاقی سطح کے ادارے ہمارے صوبے کو بھی آئی ٹی منصوبوں میں اپنا پورا حصہ فراہم کریں۔

معاون خصوصی نے ملاقات کے دوران وفاقی سطح کے تین آئی ٹی منصوبوں- مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے شعبہ آئی ٹی کے فروغ اورافادیت کے سلسلے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ صوبائی ادارے وفاق کیساتھ ان منصوبوں کی کامیابی اور عمل درآمد کے سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کریں گے اور ان پروگراموں میں صو بہ اپنے حصے کی ذمہ داریاں بہتر انداز میں سر انجام دے گا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے صدر مملکت ڈاکٹر عار ف علوی کو پشاور کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کی اور صوبے میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے کامران بنگش کی کوششوں کو سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں