چارسدہ میڈیکل کالج پر جلد کام شروع کیا جائے گا، سلطان محمد خان

پیر 14 اکتوبر 2019 17:00

پشاور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اورانسانی حقوق سلطان محمد خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں مالیاتی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضلع چارسدہ کے لئے منظور شدہ سکیموں اور پروجیکٹس پر عملی کام شروع کیا جائے اور اس حوالے سے بلاوجہ تاخیر قبول نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضلع چارسدہ کیلئے منظور شدہ ترقیاتی سکیموںکے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عدیل شاہ اور دیگر محکموں کے ضلع افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں افسران نے وزیر قانون کو مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سلطان محمد خان نے کہا کہ چارسدہ میڈیکل کالج کے قیام سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ کو 500 بیڈز سمیت ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیتے ہوئے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالج پر جلد کام شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے انہیںبر وقت پراگرس رپورٹ سے بھی آگاہ کیا جائے۔ محکمہ تعلیم سمیت سی اینڈ ڈبلیو اور آبپاشی کے عہدیداروں نے چارسدہ میں مختلف پراجیکٹس میں پیشرفت کے حوالے سے وزیر قانون کو آگاہ کیا۔ وزیر قانون نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو بھی تاکید کی کہ ڈھیری زرداد سے لے کر سر ڈھیری تک دریا ئے کابل پر حفاظتی دیوار پر بھی کام شروع کیا جائے تا کہ کسی بھی سیلابی نقصان سے بروقت نمٹا جا سکے۔

وزیر قانون نے اجلاس میں افسران پرزور دیا کہ جاری ترقیاتی منصبوں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کے آخر میں وزیر قانون نے تمام محکموں کے ضلعی افسران کو بتایا کہ صوبائی محکمہ فنانس سے فنڈز ریلیزنگ کو جلد یقینی بنایا جائے گا لیکن پراجیکٹس میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں ہو گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں