وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا کی سینئر صحافی عبد الواحد یوسفی کی وفات پرمرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت

پیر 21 اکتوبر 2019 23:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان سینئر صحافی اور روزنامہ آج کے بانی ایڈیٹر عبد الواحد یوسفی کی وفات پرمرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور دعاکے لئے ان کے گھر گئے ۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم صحافی کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی صحافت کیلئے گراں قدر خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکیں گی ۔

وزیراعلیٰ نے مرحوم کی وفات کو ان کے خاندان کے لئے بڑا سانحہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کی دنیا میں عبدالواحد یوسفی کا بڑا مقام ہے ۔ مرحوم نے صوبہ میں صحافت کو زندہ رکھا ہے ۔ عبدالواحد یوسفی کا صحافت میں یہ مقام ان کی مسلسل جدوجہد اور مخلصانہ سوچ کے بدولت ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ عبد الواحد یوسفی نے خیبرپختونخوا جیسے پسماندہ صوبے میں صحافت کا علم بلند کئے رکھا اور اپنی مسلسل محنت اور جدوجہد سے یہاں کی صحافت کو نئی نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔

(جاری ہے)

مرحوم نے کارکن صحافی کی حیثیت سے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا اور پھر کامیابی کی منازل طے کرتے چلے گئے ۔عبد الواحد یوسفی نے اپنے اُصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور صوبے کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عبدالواحد یوسفی نے نہ صرف صوبے میں صحافتی اقدار کو اونچائی کے منازل تک پہنچایا بلکہ صحافتی برادری کے مسائل کو حل کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عبدالواحد یوسفی نے قلم کے ذریعے معاشرے کے مسائل اجاگر کئے جبکہ معاشرتی برائیوں کو دورے کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالے رکھا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کواس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کیلئے دُعا کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں