قبائلی اضلاع میں انصاف روزگار سکیم کامیابی کی جانب گامزن ہے،تیمور سلیم جھگڑا

اتوار 19 جنوری 2020 21:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع میں نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے شروع کی جانے والی انصاف روزگار سکیم کامیابی کی جانب گامزن ہے اور صرف گزشتہ 3 ماہ کے مختصر عرصے میں بنک آف خیبر کی جانب سی2775 اہل امیدواروں کو 62کروڑ روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کئے گئے ہیں،قبائلی اضلاع کے عوام کی جانب سے انصاف روزگار سکیم کو پذیرائی حاصل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے سکیم کے تحت دئیے جانے والے قرضے کا حجم 1 ارب سے بڑھا کرڈیڑھ ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انصاف روزگار سکیم کو پورے صوبے تک وسعت دینے اورقرضے کی فراہمی کو مزید بڑھانے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت وفاقی حکومت کے کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ منسلک کرنے کیلئے بہت جلد مفاہمتی معاہدے پر دستخط کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر ترقیافتہ شہروںکے برابر لانے اور وہاں کی عوام باالخصوص نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور باعزت روزگار کمانے کے قابل بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ضم اضلاع کے عوام کے مسائل کے حل اور وہاں کے لوگوں کے احساص محرومی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔دریں اثناء وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ممبر قومی اسمبلی شیر علی ارباب کے ہمراہ حیات آباد پشاور میں منعقدہ کھلی کچہری میں بھی شرکت کی،جہاں پر انہوں نے مقامی آبادی کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف شکایات اورمسائل سے تفصیلی طورپر آگاہی حاصل کی اور بعض فوری حل طلب مسائل کے حل کے لئے موقع پر حکام کو ہدایات جاری کیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو عوامی مسائل کا بھرپور ادراک ہے اور ان مسائل کے پائیدار حل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اضلاع کی ضلع انتظامیہ کو شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایت کی ہے جس کے تحت عوام کے بیشتر مسائل فوری طور پر حل ہونے میں بھرپور مدد مل رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں