طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے، معاون خصوصی برائے ایکسائز

صوبائی حکومت بارڈر پر سہولیات کو مزید بہتر اوربیوٹیفیکیشن کے لئے اقدامات بھی کررہی ہے، غزن جمال

جمعرات 23 جنوری 2020 15:15

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول غزن جمال نے صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں طورخم بارڈر کا دورہ کیا۔ صوبائی حکومت،سیکورٹی فورسز،اورمتعلقہ وفاقی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معاون خصوصی نے طورخم بارڈر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر بارڈر منیجمنٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے معاون خصوصی کو وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کے بعد تجارتی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔حکام نے بتایا کہ طورخم بارڈر کھولنے سے جہاں بارڈر کے دونوں جانب تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا وہاں لوگوں کی آمد و رفت بھی آسان ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے مزید بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایات کے تحت طورخم بارڈر پر نقل وحمل کرنے والے افراد و تجارتی گاڑیوں کو 24 گھنٹے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

اس موقع پر غزن جمال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دلچسپی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کاوشوں سے نہ صرف طورخم بارڈر کی تاریخی حیثیت اجاگر ہوئی ہے بلکہ اس کے 24 گھنٹے کھلنے سے نقل وحمل میںبھی آسانی پیدا ہوئی ہے اور خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت طورخم بارڈر پر سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور اس کی خوبصورتی کے لئے بھرپور وسائل فراہم کرے گی،معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو طورخم بارڈر کی بیوٹیفیکشن کے حوالے سے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں