صوبے میں امن کی بحالی کے بعد پائیدار ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے ،وزیر ہائوسنگ خیبرپختونخوا

ہفتہ 29 فروری 2020 18:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کی بحالی کے بعد پائیدار ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے اور اب عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان یہاں کی سیاحت کے حوالے سے کی جاتی ہے۔ سوات میں غالیگے درہ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دہشت گردی کے باعث ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی تھی تاہم موجودہ حکومت کی کوششوں اور پاک فوج و عوام کی قربانیوں سے ملک میں امن بحال ہوچکا ہے جس سے کاروباری مراکز اور سیاحتی مقامات ایک مرتبہ پھر پھلنے پھولنے لگے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا خیبرپختونخوا کو اللہ تعالی نے بے پناہ قدرتی خوبصورتی سے نوازہ ہے، صوبہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، نئے سیاحتی مقامات پر کام کیا جارہا ہے اور پہلے سے موجود سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کے لئے سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی اقدامات سے سیاحت کے شعبہ کو فروغ حاصل ہوگا جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور معیشت مضبوط ہوگی۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان اور امریکی حکومت کے درمیان امن معاہدے سے خطے میں امن کی فضاء اور بھی بہتر ہوگی اور دہائیوں سے بے امنی کے شکار افغان عوام سکھ کا سانس لے سکیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں