میرشکیل نے دباؤ قبول نہیں کیا، ان کی گرفتاری انتقامی سوچ کے تحت ہوئی،فضل الرحمان

پیر 30 مارچ 2020 23:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر کہا ہے کہ میرشکیل الرحمان کی گرفتاری انتقامی سوچ کے تحت ہوئی۔اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے تمام مقدمات ان کے خلاف سامنے آرہے ہیں جو حکومت کے خلاف ہیں، میڈیا کے وہ گروپس جو حکومت پر تنقید کرتے آئے ہیں ان کے خلاف مقدمات سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ اور جیو گروپ کے صحافیوں کو لگام ڈالنے کے لیے مختلف اطراف سے دباؤ ڈالے گئے لیکن میرشکیل الرحمان نے دباؤ قبول نہیں کیا اور میڈیا کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کیا تو پھر گرفتاری کی گئی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ میرشکیل الرحمان گرفتاری کے بعد شرائط مان لیں گے لیکن وہ استقامت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں میر شکیل الرحمان اور ان کے میڈیا گروپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہا کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہتھکنڈے درحقیقت میڈیا کو کنٹرول کرنے کے ہتھکنڈے اور آزادی سلب کرنے کے ہتھکنڈے ہیں، ہم اس محاذ پر جو جنگ لڑرہے ہیں، اس جنگ میں ہم سب ایک صف میں کھڑے ہیں اور بھرپور مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں