’اوقات میں رہو‘ علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبرپختونخوا کو نئی وارننگ دیدی

تمہارے پاس آئینی عہدہ ہے، سیاسی گفتگو سے اجتناب کرو، ورنہ منہ توڑ جواب ملے گا، باز نہ آئے تو گرانٹ اور گاڑی سب بند کر دوں گا۔ وزیراعلیٰ کا فیصل کریم کنڈی کے بیان پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 مئی 2024 14:05

’اوقات میں رہو‘ علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبرپختونخوا کو نئی وارننگ دیدی
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو نئی وارننگ دے دی۔ میڈیا سے گفتگو میں صوبے کے گورنر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تم میرے خلاف بلو دی بیلٹ گفتگو کررہے ہو، مینڈیٹ کے ساتھ آیا ہوں، اوقات میں رہو، تمہارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، تمہارے پاس آئینی عہدہ ہے، سیاسی گفتگو سے اجتناب کرو، ورنہ منہ توڑ جواب ملے گا، اس لیے بس ٹاٹا بائے بائے کیا کرو، اگر باز نہ آئے تو تمہاری گرانٹ اور گاڑی سب بند کر دوں گا، ایسا نہ ہو گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے کھول دوں اور عجائب گھر بنادوں، تمہیں 2 کمروں میں شفٹ کر دوں گا، اس بار معاف کررہا ہوں۔

صوبہ خبیر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا یہ ردعمل اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ گورنر راج کی باتیں کرنے والے اپنی نا اہلی سے پریشان ہیں، میں کبھی بھی گورنر ہاؤس کو سیاست کا گڑھ نہیں بناؤں گا، انہیں خوف ہے کہ شاید میں گورنر راج لگا دوں گا لیکن میں ایسا نہیں کروں گا، گورنر ہاؤس پر قبضہ کرنا ہے تو آ جاؤ خود کو آزما لو، اسلام آباد میں بھاگنے کیلئے ہائی وے مل گیا تھا لیکن یہاں نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ وزیر اعلیٰ بنے ہیں عوام کی خدمت کریں، عوام کی فلاح و بہبود کیلیے تمام اقدامات کریں گے، صوبے کی بہتری کیلیے سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے لیکن علی امین گنڈاپور کو باور کرواتا ہوں بدمعاشوں سے ڈیل کرنا مجھے آتا ہے، اگر گورنر ہاؤس کی طرف دیکھا تو سڑکوں پر گھسیٹوں گا۔

قبل ازیں 9 مئی کو ایک جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی گورنر فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ گورنر راج لگائیں گے تو ہم گورنر ہاؤس پر قبضہ کر لیں گے، پھر وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس دونوں ہمارے ہوں گے، یہ دھمکیاں ان کو دو جو کرسیوں کے بھوکے ہیں، قوم پر مسلط لُولے لنگڑے گھوڑے جن کے گھروں میں حرام ہے، یہ دھمکیاں ان کو دو، میں وزیر اعلیٰ کی کرسی کیلئے خاموش نہیں رہوں گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں