لائیو سٹاک پالیسی کا اعلان جلد کیا جائیگا ،محب اﷲ خان

صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبہ کو ترقی دیکر بیروز گاری میں کمی لانے کیساتھ دودھ ،گوشت کی پیداوار میں خاطر خوا اضافہ کیا جائیگا،معاون خصوصی

بدھ 18 نومبر 2015 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 نومبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک اور ڈیری ڈیولپمنٹ محب اﷲ خان نے کہا ہے لائیو سٹاک پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا اور حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبہ کو ترقی دیکر بے روز گاری میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں خاطر خوا اضافہ کیا جائے تاکہ یہاں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں اور صوبہ کے عوام خوشحال ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں منعقدہ انٹرنیشنل ڈیری سائنس پارک پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ورکشاپ سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف ، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد سواتی،شعبہ ڈیری و لائیو سٹاک کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سبحان قریشی سمیت ملک بھر اور بیرون ملک سے آئے ہوئے ماہرین نے بھی خطاب کیا جبکہ ورکشاپ میں ممبر صوبائی اسمبلی سید جعفر شاہ، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ریسرچ احمد نوید، ڈئر یکٹر لائیو سٹاک ڈیری ڈیولپمنٹ اقبال خٹک اور طلبہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے زراعت وحیوانات کے حوالے سے خو د روزگا ر سکیموں اور غذائی تحفظ کیلئے اقدامات کے علاوہ ان شعبو ں میں صوبائی حکومت کی حقیقت پسندانہ پالیسی کا خیر مقدم کیا اور مقامی حکومتو ں کا کردار اجاگر کیا۔ محب اﷲ خان نے کہا کہ صوبائی حکو مت نے سرکا ری مشینری کو کرپشن اور نظام کی دوسری خرابیو ں سے پاک کرنے کیلئے جامع قانو ن سا زی کے علا وہ کئی ٹھوس اقدامات کئے جو بیروزگاری ، غربت اور پسماندگی کے خاتمے نیزشفافیت کی بنیادی ضرورت کے لئے خاص طور پر ممدو و معاون ثابت ہوں گے۔

اُنہو ں نے کہا کہ ہم نے تمام محکموں اور شعبوں میں جدت اور تخلیقی رُجحانات کو متعارف کیا ہم صوبے سے بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ نو جوانو ں کو اپنی محنت اور صلاحیتوں کا لوہامنوانے کیلئے نت نئے مواقع مہیاکرنا چاہتے ہیں محب اﷲ خان نے کہا کہ ڈیری سائنس پارک ورکشاپ لائیو سٹاک کی سرگرمیوں کی دترقی میں ممدو معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے تحقیق اور ترقی کے عمل میں جامعات کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس کے فقدان نیز جامعات، حکومت، صنعت و تجارت اور دیگر پیداواری شعبوں میں خلیج حائل ہونے کی وجہ سے ہم ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے رہے لیکن اب ان سے صوبے کی ترقی میں معاونت حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے یونیورسٹی کی تحقیقی اور ترقیاتی کاوشوں میں اپنی حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیری نمائش میں سجے مختلف کمپنیوں کے سٹال بھی دیکھے انہوں نے ڈیری تحقیقی و ترقیاتی ادارے کی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اسے کامیابیوں پر مبارکباد دی اور انکے تجربات کو صوبے کے عوام کے مفاد کیلئے بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں