مردان انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی، جعلی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد،15 دکانیں سیل

جمعرات 20 جنوری 2022 13:49

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2022ء) ضلعی انتظامیہ مردان نے محکمہ صحت حکام کے ساتھ مشترکہ کاروائی کے دوران لاکھوں  روپے مالیت کی جعلی ادویات کی بڑی کھیپ پکڑ کر 15 دکانوں کو سیل کر دیا ، متعدد افراد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ عارف نے اس حوالے سے میڈیا  بریفنگ  میں بتایا کہ  جعلی ادویات کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی ، اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ ایم سی پلازہ میں چھاپہ مارا گیا جہاں 35لاکھ سے زائد مالیت کی جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پکڑی گئی ادویات میں بچوں کی اینٹی بائیو ٹک دوائی کے علاوہ مختلف کمپنیوں کے برانڈ ز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں اور شہریوں کی صحت سے کھیل کر دولت کمانے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ڈی سی حبیب اللہ عارف نے کہا کہ یہ مردان کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی کاروائی ہے جس کے لئے انتظامیہ نے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرکے چھاپہ مارا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد ،اے اسی ڈاکٹر ثمن عباسی اور ڈرگ انسپکٹر صفی اللہ  بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں