خیبر پختونخوا میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ، صوبے کی تقدیر بدلے گا،کامران بنگش

بدھ 26 ستمبر 2018 19:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) خیبر پختونخوا میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے جو کہ اس صوبے کی تقدیر بدلے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی صوابی کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس تقریب میں طلباء کی طرف سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مختلف منصوبوں کے ماڈل پیش کیے گئے جنہیں کامران بنگش نے سراہا، کامران بنگش نے کہا خیبر پختون خوا کی نوجوان نسل کی صلاحیتیں عالمی سطح پر مانی گئی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ طلباء آپ لوگ ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کام کریں اور آپ کی رہنمائی میں ہم اپنی ترتیب بنائیں۔

(جاری ہے)

کامران بنگش نے کہا کہ اب ہمیں ایک قوم بن کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم کو ترقی پذیر ملک میں رہنا یا اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرنا ہے جس میں آپ سب نے کردار ادا کرنا ہو گا. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی نے کہا سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پالیسی کی تشکیل پہلے سو روزہ منصوبے میں شامل ہے جس پر کام شروع کیا ہواہے، ہماری کوشش ہے کہ ایک بہترین پالیسی دی جائے جو کہ دور حاضر کے تمام تقاضوں کے عین مطابق ہو. کامران بنگش نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں دنیا خیبرپختونخوا کو تخلیقی سائنسدانوں اور ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر جانے اور ہماری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پالیسی کی بدولت پانچ سال بعد ہم فخر محسوس کریں. کامران بنگش نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے عملے کی خصوصی تعریف کی اور ہر طرح کے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کروائی.

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں