سٹی ٹریفک پولیس نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی گرفتار کرلیا

آپریشن کے دوران خوشحال بازار ‘ دلہ زاک روڈ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات قائم کرنے پر 23 افراد کو دھر لیا گیا :جو بھی غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے کا مرتکب ہو گا انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ‘ وسیم احمد خلیل

بدھ 3 جون 2020 23:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے حیات آباد میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی جبکہ مختلف علاقوں میں تجاوزات قائم کرنے پر 23 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں خوشحال بازار ‘ دلہ زاک روڈ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اس دوران تجاوزات قائم کرنے پر 23 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ صدر کے علاقے میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکلیں نو پارکنگ زون میں کھڑی کرنے پر 12 موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا جن کے مالکان پر جرمانے عائد کردیئے گئے ۔

اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے حیات آباد میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی کو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلشن آراء کی عدالت میں پیش کیا گیا جن پر بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں اور سڑکوں کے کنارے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی جبکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ جو بھی غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے کا مرتکب ہو گا ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ان عناصر کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام ہوتا ہے اور پشاور میں کسی کو بھی سڑک کنارے پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں