کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے دوبارہ آپریشن کا آغاز

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:49

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2020ء) : محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے دوبارہ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز نے پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں اور گاڑیوں میں حفاظتی تدابیر کا جائزہ لیا ہے اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سیکریٹری ٹرانسپورٹ ذاکر حسین آفریدی نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا ارشد خان آفریدی کے علاوہ دیگر ٹرانسپورٹ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور، بنوں مردان، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور سوات نے مختلف بس ٹرمینلز اور اڈوں کے وزٹ کیے گئے ہیں اور کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا جائزہ لیا ہے انہوں نے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کو خبردار کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں احتیاطی کرونا وائرس پھیلنے کا سبب بن سکتی ہے اس لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ٹرانسپورٹ ذاکر حسین آفریدی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز نے مخصوص اڈوں پر مفت فیس ماسک بھی مسافروں میں تقسیم کئے اور محصوص اڈوں پر صابن سے ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں موجود بے احتیاطی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں قانونی کاروائی کی جائے گی انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کریں اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ارسال کی جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں